اسرائیل جیل میں ڈیڑھ سال سے قید ایک 17 سالہ فلسطینی لڑکی کی گذشتہ روز جیل سے رہائی کے موقع پر یہودی آباد کاروں نے اس کے والدین اور دیگر افراد پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کےشمالی شہر جنین کی رہائشی امل قبھا کو جیل سے رہا کیا گیا۔ اس موقع پر طولکرم شہر میں جبارہ چیک پوسٹ پر امل کو لینے کے لیے اس کے والدین اور دیگر شہریوی کی بڑی تعداد جمع تھی۔
امل کو لینے کے لیے آئے اس کے والدین کے ساتھ جبارہ چیک پوسٹ پر یہودی آباد کاروں نے نازیبا حرکات کیں، ان پر تشدد کیا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ یہودی غنڈہ گردوں کے گروپ نے فلسطینیوں کو دہشت گرد قرار دیا اور ان پر سنگ باری کی کوشش کی تاہم اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاروں کو وہاں سے پیچھے ہٹا دیا۔
بعد ازاں رہائی پانے والی فلسطینی لڑکی امل قبھا کو اس کے آبائی شہر میں موجود اس کی رہائش گاہ پر لے جایا گیا۔