فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج جمعہ کو علی الصباح قابض صہیونی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔ آخری اطلاعات تک اسرائیلی فوج کی جانب سے نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں میں بڑے پیمانے پرلوٹ مار اور توڑپھوڑکے ساتھ متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق جمعہ کو علی الصباح فلسطینی شہروں میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں پرپُرتشدد حربوں کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ میں فلسطینی شہریوں پر یہودی آباد کاروں پر تشدد کای اور ان پر پتھراؤ کیا گیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے بھی فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جواب میں فلسطینی شہریوں نے قابض فوج اور غاصب آباد کاروں پرسنگ باری کی۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں بھی اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تین روز قبل ایک یہودی ربی ’رزئیل شیفح‘ کے قتل میں ملوث فلسطینیوں کی تلاش کے لیے گھروں پر چھاپے مارے۔ گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ کی اور بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی گئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج کی بھاری تعداد نے نابلس کے مغربی قصبے بیت وزن، جامعہ النجاح کے نئے کیمپس اور جنید جیل کے اطراف میں تلاشی کی مہم شروع کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے فسلسطینی شہریوں کےگھروں کی چھتوں پر چڑھ کرعلاقے کی مانیٹرنگ شروع کردی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے نابلس میں بازاروں میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے قبضے میں لے لیے۔
فلسطینی شہریوں نے قابض فوج کے دھاووں کے خلاف احتجاج کیا تو ان پر آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔
قبل ازیں قابض فوج نے نابلس میں بیت ایبا اور سارات السلعوس کے مقامات پر بھی چھاپے مارے اور وہاں پر موجود خفیہ کیمرے غصب کرلیے گئے۔
نابلس کے جنوب مغربی قصبے تل میں گھر گھر تلاشی کے دوران 30 سالہ معاذ ریحان کو حراست میں لے لیا گیا۔ قابض فوج نے معاذ کو اس کے گھر سے بلایا اور کہا کہ وہ اپنی دکان کھولے۔ دکان کھلوانے کے بعد اسے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔ اس کی دکان پر نصب سی سی ٹی کیمرے بھی غصب کرلیے گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی جاسوسی کے لیے جدید مواصلاتی آلات سے لیس گیسی غبارے بھی فضاء میں چھوڑ دیے ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل اور وسطی علاقے رام اللہ میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں میں شہریوں کئی گھروں کا صفایا کردیا گیا۔