امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بعض ممالک کو گھٹیا قرار دیے جانے کے بعد کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ افریقا کے 54 ملکوں نے مشترکہ طور پر صدر ٹرمپ کے بیان کو ’لایعنی‘ قرار دے کر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق افریقی ملکوں کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا بیان پوری دنیا کے پناہ گزینوں کی توہین ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ دنیا کے گھٹیا ملکوں سے امریکا میں لوگ کیوں آ رہےہیں۔ ان کے اس بیان پر افریقا سمیت دنیا بھر میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
چون افریقی ملکوں کے سفیروں کی طرف سے مشترکہ طورپر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا بیان شرمناک اور پوری دنیا کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ اس بیان سے امریکا کے مکروہ، نسل پرستانہ اور مجرمانہ چہرے کی عکاسی ہوتی ہے۔
افریقی ملکوں نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دنیا کے دوسرے ملکوں کوگھٹیا قرار دینے کا بیان واپس لیں اور پناہ گزینوں کی توہین اور ان کی دل آزاری پر معافی مانگیں۔