جمعه 06/دسامبر/2024

ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں ناکام قاتلانہ حملہ

اتوار 14-جولائی-2024

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تاہم ٹرمپ کے محافظوں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق کہ ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور گولی بظاہر سابق امریکی صدر کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولیوں کی آواز سنائی دینے کے بعد سابق امریکی صدر نے اپنے دائیں کان کو ہاتھ لگایا اور انتہائی پھرتی سے نیچے جھک گئے۔
اس دوران ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لئے بھاگنے لگے تاہم چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے حامیوں کی طرف دیکھ کر فضا میں مکا لہرایا۔
جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور کے علاوہ ریلی میں موجود ایک شہری بھی ہلاک ہوا اور دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
سیکریٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے بتایا کہ ان کے ایجنٹس نے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا، جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات ایف بی آئی کی نگرانی میں کی جا رہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنسلوینیا میں فائرنگ کے واقعے پر فوری رد عمل دینے پر میں سیکرٹ سروس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے ریلی میں ہلاک ہونے والے شخص کے خاندان کے ساتھ تعزیت کی، انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں ایسی حرکت ہو سکتی ہے، جب کہ گولی چلانے والے کے بارے میں اس وقت کچھ معلوم نہیں جو جوابی حملے میں ہلاک ہوچکا ہے۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے فوری طور پر کان میں کچھ محسوس ہوا، مجھے لگا کہ کچھ غلط ہوا ہے، لیکن بہت زیادہ خون بہنے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ ایک گولی میرے کان کے اوپر کے حصے میں لگی۔

مختصر لنک:

کاپی