اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے دورہ بھارت کے خلاف ہندوستان بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ کل بدھ کو نئی دہلی، حیدر آباد اور ممبئی سمیت کئی دوسرے بڑے شہروں اور ریاستوں میں نیتن یاھو کے خلاف جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں ’انسانیت کے قاتل نیتن یاھو جہاں سے آئے ہو وہیں دفع ہوجائو، ہم تمہیں بھارت کی سرزمین میں گوارا نہیں کرتے‘۔
احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین نے اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیے۔ مقررین نے ریلیوں سے خطاب میں نیتن یاھو کے دورہ بھارت کی شدید مذمت کی اور انہوں نے فلسطینیوں کے قاتل اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ دوستانہ مراسم بڑھانے پر بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم گذشتہ اتوار کو بھارت کے چھ روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے تھے۔ اسرائیل اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات کے 25 سال میں کسی اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بھارت کا پہلا دورہ ہے۔
گذشتہ ماہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں القدس کے حوالے سے پیش کی گئی ایک قرارداد میں بھارت نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت مین ووٹ ڈالا تھا جس کے بعد تل ابیب نے اپنے حلیف بھارت کے حوالے سے سخت مایوسی کا اظہار کیا تھا۔