فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر الخلیل میں جمعرات کو اسرائیلی فوج نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران 22 سالہ نوجوان فلسطینی صحافی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے جمعرات کو الخلیل شہر کے نواحی علاقوں سعیر اور الشیوخ پر چھاپہ مارا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران 22 سالہ صحافی عبدالمحسن تیسیر شلالدہ کو حراست میں لے لیا گیا۔
شلالدہ کی گرفتاری خلہ العیص کے مقام سے عمل میں لائی گئی۔ اسرائیلی فوج نے صحافی کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔
اس دوران قابض فوج نے سابق فلسطینی اسیر انس ابو ریان کے گھر میں بھی گھس کر توڑپھوڑ کی اور اسے عتصیون انٹیلی جنس مرکز میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ خیال رہے کہ اب ریان گذشتہ جمعہ کے روز اسرائیلی جیل سے رہا ہوئے تھے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے الخلیل کے علاقے یطا اور دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے۔ سوسیا، بیت عمر اور الخالدیہ کالونیوں میں بھی قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران توڑپھوڑ کی اور لوٹ مار کے ساتھ خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔