اسرائیلی فوج نے فلسطین کے غزہ کی پٹی میں ساحل سمندر کے قریب مچھلیوں کا شکار کرنے والے دو فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی ماہی گیروں کے نگران نزار عیاش نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کی شام غزہ کے سمندر میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی شہری کو شہید اور دو کو زخمی کرنے کے بعد حراست میں لے لیا۔
یہ واقعہ شمالی غزہ میں پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے فلسطینی شہری کی شناخت اسماعیل ابو ریالہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 18 سال بتائی جاتی ہے۔ جب کہ زخمیوں کی شناخت 18 سالہ محمود عادل ابو ریالہ اور عاھد حسن ابو علی کے ناموں سے کی گئی ہے۔
عیاش نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینی ماہی گیروں نے دو روز کے لیے اپنے کام سے ہڑتال کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی غزہ میں ’زیکیم‘ کے مقام پر فجوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینہ جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسرائیل کے بعض ذرائع کے مطابق فلسطینی ماہی گیروں کی طرف سےبھی فائرنگ کی گئی جس میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔