قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی تازہ کارروائیوں کے دوران 12 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب قابض فوج نے گھروں میں تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تازہ کارروائیوں کےدوران 12 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں سے بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں پہلے ہی مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق نابلس میں راس العین، کروم عاشور، خلہ العامود، پرانے شہر اور شاہراہ عمان پر اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے خلاف فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے۔اس موقع پر فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپ بھی ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے نماز فجر کےبعد شہریوں کے گھروں میں گھس کرانہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے ’مرکزاطلاعات فلسطین‘ کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فوج نے دو سابق اسیران ادھم خشانہ اور ناصر الحلاوہ گھس کر لوٹ اور توڑپھوڑ کی۔ اس موقع پرمشتعل فلسطینیوں نے صہیونی فوج پر سنگ باری کی۔
قابض فوج نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ، صوتی بموں، آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ دیگر پرتشدد حربے استعمال کئے۔
ادھر الخلیل میں العروب کے مقام پرنماز فجر کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران نادر عویضات، منیب ابراہیم غنیمات اور صوریف سے سیف ابو زینہ، جنین کے یعبد اور کفر راعی قصبوں سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ قابض فوج نے ولید ابو بکر نامی فلسطینی نوجوان کے گھر میں گھس کر اس کی موٹرسائیکل ضبط کرنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔