قابض صہیونی فوج نے گذشتہ شام فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں البیرہ کے مقام پر فلسطینی طلباء کی ایک ریلی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کی شام قابض فوج کی بھاری نفری نے البیرہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی ایک احتجاجی ریلی پر دھاوا بولا۔ قابض فوج نے نہتے فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سےبعض کے سروں اور جسم کے بالائی حصے میں گولیاں لگی ہیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے البیرہ کے شمالی علاقے میں فلسطینی طلباء کی ایک ریلی پر فائرنگ کی۔ فلسطینی طلباء نے بیرزیت یونیورسٹی میں طلباء یونین کے انچارج عمر الکسوانی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قابض فوج نے طلباء کومنتشر کرنے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی بچے دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی طلباء پر وحشیانہ تشدد کے مناظر کی ویڈیو اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں جن میں قابض فوج کونہتے طلباء کو سڑکوں پر گھیسٹتے اور انہیں تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔