اسرائیلی فوج کے ایک اہل کار نے فرینڈلی فائرنگ کرکے اپنے ساتھی کو قتل کردیا۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق منگل کی شام ایک اسرائیلی فوجی نے وسطی فلسطین میں ایک کیمپ میں اپنے ساتھی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا۔
عبرانی ریڈیو کے مطابق مقتول فوجی کی عمر 20 سال ہے۔ اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکار ڈوفڈوان فوج کی اسپیشل فورس کا اہلکار تھا۔ اس کے ساتھی کے پستول سے غلطی سے چلنے والی گولی اس کے سینے میں جا لگی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔
فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسے غلطی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ستمبر 2017ء کو اسرائیلی فوج کے ایک کیمپ میں مشقوں کے دوران ٹینک الٹنے سے چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔