مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ یہودیوں کی اشتعال انگیزی روکنے اور ایسٹر تہوار کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی روک تھام کے لیے قبلہ اول میں جمعہ کی نماز ادا کریں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے ایک بیان میں الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ یہودی ایسٹر تہوار کی آڑ میں قبلہ اول کو فلسطینیوں سے خالی کرانے کی سازشیں کررہےہیں۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسٹر کے ایام میں فلسطینیوں کے قبلہ اول میں داخلے پر پابندی عاید کریں۔ صہیونیوں کی اس مذہبی اشتعال انگیزی کے جواب میں فلسطینی زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجد اقصیٰ میں آئیں اور جمعہ کے روز قبلہ اول میں نماز جمعہ ادا کرکے یہ پیغام دیں کہ فلسطینی قوم قبلہ اول کو یہودیوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ میں پورے فلسطین بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس کے تمام شہریوں سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ ان میں سے جو بھی مسجد اقصیٰ میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتا وہ نماز جمعہ مسجد اقصیٰ میں ادا کرکے صہینیوں کو یہ پیغام دے کہ ہم قبلہ اول کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ اور تمام مسنون ایام میں مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائی مسلمانوں کے لیے لازم ہے۔