فلسطین میں ’یوم الارض‘ کے حوالے سے کل جمعہ کے روز نکالے جانے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں پندرہ فلسطینی شہید اورسیکڑوں زخمی ہوگئے۔
نہتے فلسطینی مظاہرین کےخلاف طاقت کے استعمال کے رد عمل میں کویت کی درخواست پر رات گئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔
کویت کے سرکاری ذرائع کے مطابق کویت کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس رات ساڑھے دس بجے منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں غزہ کی پٹی میں یوم الارض جلوس پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ اور بڑی تعداد میں شہریوں کی شہادتوں اور کشیدگی روکنے پر غور کیا گیا۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز ’یوم الارض‘ کی مناسبت سے غزہ کی پٹی میں عظیم الشان ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ لاکھوں فلسطینی شہریوں نے نام نہاد صہیونی ریاست کی سرحد کی طرف مارچ کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ دہشت گردی میں کم سے کم 15 فلسطینی شہید اور بارہ سو سے زاید کو زخمی کردیا۔
سب سےبڑا احتجاجی مظاہرہ غزہ کی پٹی میں نکالا گیا جس میں لاکھوں فلسطینیوں نے شرکت کی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق مارچ میں شریک پرامن فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے نشانہ بازوں نے براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زیادی جانی نقصان ہوا ہے۔