پنج شنبه 01/می/2025

’عرب سربراہ کانفرنس فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کا اعلان کرے‘

بدھ 11-اپریل-2018

فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے’ باڈی 302‘ نے عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ سنہ 1948ء اور اس کے بعد صہیونی جبرو تشدد سے نکالے گئے فلسطینیوں کی بہبود اور ان کی مالی مدد کے لیے موثر اقدامات کریں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق باڈی 302 کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کی میزبانی میں عرب سربراہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس کا اہم ایجنڈا فلسطین ہوگا۔ اس لیے ہمارا عرب ممالک کی قیادت سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیےقائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’اونروا‘ کی مالی مدد کو یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ عرب لیگ کا سربراہ اجلاس 25  اپریل کو سعودی عرب میں ہو رہا ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والی باڈی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے ’اونروا‘ کی امداد روکنے کے غیرمسبوق اقدامات کیے گئے جس کے نتیجے میں فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

باڈی کا کہنا ہے کہ ’اونروا‘ کو عرب ممالک کی تنظیم قرار دینا، اس کی سروسز کو فلسطینی اتھارٹی کو منتقل کرنا، کسی دوسرے میزبان ملک کے حوالے کرنا یا کسی عالمی ایجنسی کے سپرد کرنا مناسب نہیں۔ تمام عرب ممالک کو چاہیے کوہ فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ وہ اونروا کے 7.8 فی صد بجٹ کی ذمہ داری اٹھا چکے ہیں۔

بیان میں عرب سربراہ کانفرنس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اونروا ایجنسی کو درپیش مالی مشکلات اور بجٹ کی کمی پوری کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں اور کمی پوری کرنے لیے عالمی ادارے کا ساتھ دیں۔

مختصر لنک:

کاپی