شام میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے تناظر میں گذشتہ روز اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں یہودی آباد کار اس وقت خوف کا شکار ہوگئے جب اسرائیل کے ایک جنگی طیارے نے نچلی پرواز کی۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیل کا ایک ’ایف 15‘ طیارہ غوش ڈان کے مقام سے نچلی پرواز میں گذرا۔ جہاز کو دیکھتے ہی یہودی آبادکار زمین دوز بنکروں کی طرف دوڑے۔ انہوں نے سمجھا کہ شام کے خلاف جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق صہیونی اس وقت شام کے خلاف کسی نئی جنگ اور اس کے رد عمل سے سخت خوف کا شکار ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت شام پر امریکی حملے کی صورت میں اس کا نشانہ اسرائیل بن سکتا ہے۔
اسرائیل کے جنگی طیارے کی نچلی پرواز کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم دوسری جانب امریکا کی طرف سے شام پر حملے کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیاگیا ہے۔ شام پر امریکی حملے کے امکانات کے ساتھ ہی اسرائیل نے بھی فوج کو الرٹ کردیا ہے اور فوجی اڈوں پر ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔