اسرائیل کے وزیر دفاع اور شدت پسند یہودی لیڈر آوی گیڈور لائبرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان اہم مذاکرات جاری ہیں اور ان مذاکرات میں غیرمعمولی پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے ساتھ تعمیری اور مثبت بات چیت کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
لائبرمین نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے لندن سے شائع ہونے والے اخبار ’ایلاف‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سعودی اخبار نے اسرائیل کے حاضر سروس وزیر دفاع کا انٹرویو شائع کیا ہے۔ یہ اخبار چند ماہ قبل اسرائیلی آرمی چیف جنرل گیڈی آئزن کوٹ کا انٹرویو بھی شائع کرچکا ہے۔
صہیونی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کسی عرب ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ تل ابیب اور عرب ممالک کے درمیان قربت بڑھ رہی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ جرات کا مظاہرہ کریں اور انور سادات کی طرح اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا باقاعدہ اعلان کریں۔
ایک سوال کے جواب میں لائبرمین نے کہا کہ عرب ممالک کے ساتھ جاری بات چیت میں حل طلب مسائل پر 75 فی صد اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک اور اسرائیل ایران کے خلاف ایک صفحے پر ہیں۔