اسرائیل نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علاحدگی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علاحدگی کا اعلان کرکے جرات مندانہ اور درست سمت میں قدم اٹھایا ہے۔ اسرائیل اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔
نیتن یاھو کا مزید کہنا تھا کہ تل ابیب ٹرمپ کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کی بھرپور حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے بعد ایران کی دشمنانہ روش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے بھی ٹرمپ کے اعلان کو جرات مندانہ اور قابل تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے علاحدگی کے بعد ایرانی رجیم کے سقوط کی راہ ہموار ہو گی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز ایک اعلان میں ایران کے ساتھ سنہ 2015ء میں طے پائے اس معاہدے سے علاحدگی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ایران نے جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کی یقین دہانی کے بدلے ایران پر عاید کردہ عالمی اقتصادی پابندیاں بہ تدریج اٹھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔