بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ نے امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے اعلان کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تکریم کے لیے القدس کا ایک اہم گراؤنڈ ان کے نام موسم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں اسرائیلی ریاست کی نام نہاد بلدیہ کے چیئرمین نیئر برکات نے نئے امریکی سفارت خانے کے بالمقابل موجود ایک گراؤنڈ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام منسوب کیا ہے۔
عبرانی اخبار ’یسرائیل ھیوم‘ کی رپورٹ کے مطابق آئندہ سوموار کو امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے موقع پر جشن کے طور پر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ صدر ٹرمپ سے شکریے کے طور پر القدس کا ایک اہم چوک اور اس سے متصل گراؤںڈ ان کے نام منسوب کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ القدس میں اسرائیلی بلدیہ نے ایک سال قبل اس وقت ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کی تیاریاں کررہے تھے۔ اس کمیٹی کے ذمہ بیت المقدس کے اہم مقامات کے ناموں کی تبدیلی کا کام سونپا گیا تھا۔ ناموں کی تبدیلی کے ضمن میں القدس میں ایک اہم مقام کر ٹرمپ کے نام موسوم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی۔
بیت المقدس کے اسرائیلی میئر نیر برکات کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یہودیوں کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا ذریعہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہودی قوم ان کے ساتھ گہری محبت اور عقیدت رکھتی اور ان کا بے حد احترام کرتی ہے۔