’سپریم عرب فالو اپ کمیٹی برائے عرب سٹی زنز‘ نے کل سوموار کو مقبوضہ بیت المقدس میں وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔ کمیٹی کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان میں شہریوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے قومی حمیت کا ثبوت دیں۔
خیال رہے کہ سپریم فالو اپ کمیٹی کے زیراہتمام مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی قونصل خانے کے باہر مقامی وقت کے مطبق دن چار بجے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔’ القدس اسلامی، مسیحی، عرب اور فلسطینی‘ کے عنوان سے اس مظاہرے میں شہریوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
فالو اپ کمیٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سوموار کو شام تین بجے امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے خلاف مظاہرے کی تیاریاں شروع ہوں گی۔ اس میں القدس شہر میں رہنے والے مسلمانوں اور مسیحی برادری دونوں سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے کل 14 مئی کو تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس روز فلسطین بھر میں پرتشدد مظاہروں کا امکان ہے۔