چهارشنبه 30/آوریل/2025

مظلوم فلسطینیوں کے دفاع کے لیے عالمی فوج تشکیل دی جائے: او آئی سی

ہفتہ 19-مئی-2018

اسلامی تعاون تنظیم ’اوآئی سی‘ نے فلسطینیوں پر اسرائیلی ریاست کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے دفاع کے لیے فوج تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس سے خطاب میں عالم اسلام کی قیادت نے فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ترک صدر طیب ایردوآن نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی دہشت گردی پر آواز نہ اٹھانے والے بھی ظالم ہیں۔ کانفرنس سے امیر قطر، امیر کویت، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم، ایرانی صدر حسن روحانی اورپاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی خطاب کیا۔

اجلاس کے آخر میں  مشترکہ اعلامیے میں غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کی شدید مذمت کی گئی ہے، 57 اسلامی ممالک کے مشترکہ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عالمی فورس بنائی جائے اور عہد کیا گیا کہ بیت المقدس کی قانونی حیثیت کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ’اوآئی سی‘ اجلاس سے خطاب میں معاملے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ امریکی ایما پراسرائیلی فوج جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے یورپی یونین، افریقی یونین اورعالمی تنظیموں سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی آزادانہ اورشفاف تحقیقات کرائی جائے۔ انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کی بھی مذمت کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی 70 سال سے بھارتی جبر و استبداد کا شکار ہیں اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ 57 اسلامی ممالک پر مشتمل او آئی سی سربراہ اجلاس فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم پر بلایا گیا جس کی صدارت ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کی۔

 

مختصر لنک:

کاپی