ترکی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق یکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے دورہ بوسنیا کے دوران ان پر قاتلانہ حملے کی سازش ناکام بنائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اناطولیہ‘ کے مطابق صدر ایردوآن آج اتوار کو بوسنیا اور نیم خودمختار علاقے ہرسک کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ ان کے دورے سے قبل بوسنیا میں ان کے قافلے پر حملے کی سازش پکڑی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی ملکوں کےانٹیلی جنس اداروں نے ترکی انٹیلی جنس حکام کو صدر ایردوآن پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی سازش کے بارے میں بتایا ہے۔
ادھر ترک حکومت کے ترجمان بکر بوزداگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ایردوآن شیڈول کے مطابق بوسنیا اور ہرسک کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر قاتلانہ حملوں کی سازشوں سے خوف زدہ نہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یونان کے دورے کے دوران بھی دہشت گردوں کی جانب سے ترک صدر پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی سازش کی گئی تھی مگر اسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔