شنبه 16/نوامبر/2024

امریکی سفیر مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی مذموم مہم کا علم بردار ہے: حماس

جمعرات 24-مئی-2018

اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے کہا ہے کہ اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی صہیونی شرمناک اور اشتعال انگیز مہم میں پیش پیش ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی تصویر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فریڈمین صہیونیوں کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ انتہا پسند یہودیوں کے ساتھ مل کر مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کو شہید کرنے اور اس کی جگہ مذعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

فوزی برھوم نے کہا کہ صہیونی۔ امریکی شراکت انتہائی خطرناک ہے اور اسرائیل امریکا کی موجودہ حکومت کے ساتھ مل کر فلسطینیوں پر مذہبی جنگ مسلط کرنے کی مذموم کوشش کررہی ہے۔ ترجمان نے امریکی سفیر کو صہیونیوں کا علم بردار قرار دیا اور کہا کہ ڈیوڈ فریڈ مین اسرائیل میں صہیونیوں کے مذموم عزائم کی تکمیل میں ان کی مدد کررہے ہیں۔

حماس نے امریکا اور صہیونیوں کے گٹھ جوڑ سے قبلہ اول کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے عالم اسلام کو فوری اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ امریکا اور صہیونیوں کی مذموم حکمت عملی روکنے کے لیے مسلم دنیا کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں ایک تصویر شائع ہوئی جس میں امریکی سفیر کو ایک پورٹریٹ اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے جس میں مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کا نقشہ ہے۔ اس تصویر میں فریڈمین ہیکل سلیمانی کو دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔ اس تصویر پر فلسطینی سیاسی، دینی اور عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی