اسرائیلی حکومت کے ایک سینیر وزیر نے واضح کیا ہے کہ صہیونی حکومت فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا ہےکہ غزہ کی پٹی پر قبضے کی سوچ حماقت ہوگی۔ ہم ایسا نہیں کرسکتے۔
اسرائیلی وزیر برائے ہاؤسنگ جنرل ریٹائرڈ یوآؤ گیلنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی پر فوجی قبضہ دوبارہ قائم کرنے کا مطالبہ کرنے والے وزیروں کا موقف درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر فوجی قبضہ کرنا آسان نہیں اور نہ ہی ایسا ممکن ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کے بعض وزراء نے حال ہی میں تجویز دی تھی کہ غزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج دوبارہ قبضہ کرے اور 2005ء سے قبل والی پوزیشن پر واپس جائے۔ ان وزراء کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی سے راکٹ حملوں کا خطرہ اسی صورت میں ٹالا جاسکتا ہے جب اسرائیل غزہ کی پٹی پر دوبارہ قبضہ کرے اور ساری مزاحمتی تنظیموں کو ختم کیا جائے۔
جنرل گیلنٹ نے مزید کہا کہ جو لوگ غزہ کی پٹی پر قبضے کی بات کرتے ہیں وہ سوچیں کہ آیا اس کی کیا قیمت چکانا ہوگی اور اس کے اگلے دن پھر کیا ہوگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کے روز غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جنگ کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر بھرپور حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر درجنوں مقامات پر بمباری کی جب کہ غزہ کی پٹی سے فلسطینی مجاھدین نے اسرائیلی تنصیبات پر سیکڑوں راکٹ فائر کیے۔