یہودی آباد کاروں نے ایک اور اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں واقع تاریخی مسجد ’الابراہیمی‘ کےاندر خیمے لگا لیے۔
مسجد ابراہیمی کے ڈائریکٹر حفظی ابو سنینہ نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مسجد کے احاطے کے اندر ایک بڑا خیمہ لگا کر وہاں بیٹھ کر کھانے پینے کی محفل لگالی۔ یہودی آباد کاروں نے مسجد کے اندر داخل ہونے سے قبل باہر فلسطینیوں کی املاک پربھی حملے کئے۔
ابو سنینہ نے بتایا کہ مسجد ابراہیمی پرصہیونی آباد کاروں کی یلغار روز کا معمول ہے اور یہودی مسلمانوں کے اس مقدس مقام کو دینی تشخص کو پامال کرتے ہوئے اس پر یہودیت کا رنگ چڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاروں کو سہولت مہیا کرنے کے لیے مسجد کے اطراف میں موجود پرانے اور سایہ دار درخت بھی اکھاڑ دیے ہیں۔
گذشتہ منگل کو فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رعواں سال کے دوران اب تک اسرائیلی فوج نے مسجد ابراہیمی میں 298 بار اذان دینے اور نماز ادا کرنے پر پابندی عاید کی۔