فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس روس میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میچ دیکھنے کے لیے آج جمعہ کو ماسکو روانہ ہورہے ہیں۔
روس میں متعین فلسطینی سفیر عبدالحفیظ نوفل نے ‘صوت فلسطین’ ریڈیو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صدر محمود عباس روس میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میچ دیکھنے کے لیے آج ماسکو پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمود عباس بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن ‘فیفا’ کی دعوت پر ماسکو آ رہے ہیں۔ فیفا کی طرف سے عالمی رہ نمائوں کو فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔
اپنے دورے کے دوران فلسطینی صدر اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوتن سے بھی ملاقات کریں گے۔ فلسطینی حکام کے مطابق صدر عباس اور ولادی میر پیوتن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال بالخصوص خطے میں نئے عالمی ایجنڈے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
فلسطینی سفیر کاکہنا ہے کہ روسی صدر سے محمود عباس کی ملاقات اہمیت کی حامل ہوگی۔ اس ملاقات سے قبل امریکی اور روسی صدور کی ملاقات بھی متوقع ہے۔