جمعہ کے روز شام کے وادی گولان کی طرف سے آنے والے ایک بغیر پائلٹ ڈرون طیارے پر اسرائیلی فوج نے پیٹریاٹ میزائل سے حملہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون بحیرہ طبریا کی طرف بڑھ رہا تھا جسے فضاء میں پیٹریاٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ڈرون طیارہ تباہ کردیا گیا یا اسے بچالیا گیا تھا۔
حال ہی میں تل بیب نے دمشق کو خبر دار کیا تھا کہ وہ وادی گولان کی طرف بڑھنے سے گریز کرے ورنہ اس کے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اسرائیلی فوج نے 24 جون کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے شمالی سرحد کی طرف سے آنے والے ایک شامی ڈرون کو نشانہ بنایا اور اسے واپس جانے پر مجبور کردیا گیا۔
حال ہی میں بھی اسرائیلی فوج نے وادی گولان میں شام کے ایک ڈرون طیارے کو پیٹریاٹ میزائل سے نشانہ بنا کراسے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
رواں سال فروری میں اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے شام کے اندر اس کے ایک ’ایف 16‘ جہاز کو مار گریا ہے۔
شام کے وادی گولان میں بشارالاسد کی حامی فورسز بالخصوص ایرانی ملیشیا کی بڑھتی سرگرمیوں پر اسرائیل متعدد بار تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔