اسلامی جمہوریہ ایران کے رہ بر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے دشمنوں پر جلد فتح حاصل کرے گی۔ وہ دن عن قریب آنے والا ہے جب صہیونی ریاست کو ارض فلسطین سے اپنا بوریا بستر گول کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم اس پر گواہ رہے کہ فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کا زوال نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔
خبر رساں دارے ’تسنیم‘ کے مطابق ایک بیان میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی امن منصوبے ’صدی کی ڈیل‘ کو صدی کی خطرناک سازش قرار دیا اور کہا کہ امریکیوں اور صہیونیوں کی صدی کی ڈیل کی بھیانک سازش بھی کامیاب نہیں ہوگی۔
ایرانی سپریم لیڈر نے عالم اسلام کی صفوں میں وحدت اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قضیہ فلسطین مسلم امہ میں اتحاد پید کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے فلسطین کے بارے میں اپنی شیطانی چالوں کو ایک نیا نام ’صدی کی ڈیل‘ دیا ہے مگر انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ صدی کی ڈیل کی سازش کسی صورت میں کامیاب نہیں ہوگی۔ ہم قضیہ فلسطین اور القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
آیت اللہ خامنہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم صدی کی ڈیل کی سازش کے مقابلے میں پوری قوت سے لڑے گی اور مسلمان اقوام اس کی مدد کریں گی۔ ان کاکہنا تھا کہ حتمی فتح فلسطینیوں کی ہوگی اور صہیونی ریاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔