چهارشنبه 30/آوریل/2025

نہتے مظاہرین پرصہیونی فوج کی شیلنگ،2 فلسطینی شہید، 250 زخمی

ہفتہ 28-جولائی-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز فلسطینیوں کی ایک ریلی پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں مزید دو فلسطینی شہری شہید اور اڑھائی سو زخمی ہوگئے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ مشرقی غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے زہریلی انسوگیس کی شیلنگ اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہری شہید اور 246 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 11 کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں لائے گئے زخمیوں میں 139 کو داخل کیا گیا ہے۔ 90 کو بندوق کی گولیاں لگی ہیں۔ زخمیوں میں 19 بچے، 10 خواتین، طبی عملے کے چار کارکن اور ایک صحافی بھی شامل ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق مشرقی غزہ میں جمعہ کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں 43 سالہ غازی محمد ابو مصطفیٰ اور ایک بچہ جس کی شناخت نہیں کی جاسکی جام شہادت نوش کرگئے۔

اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں شمالی غزہ میں طبی عملے کے چھ ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر 30 مارچ سے فلسطینی حق واپسی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ صہیونی فوج کی طرف سے پرامن اور نہتے مظاہرین کو کچلنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا جاتا ہے۔ قابض فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 160 فلسطینی شہید اور 17 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی