فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے سرگرم بین الاقوامی انسداد معاشی ناکہ بندی کمیٹی کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے عالمی بحری امدادی قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ وہ آج شام اور کل سوموار کی صبح غزہ کےساحل پر لنکر انداز ہوگا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بین الاقوامی انسداد ناکہ بندی کمیٹی کے چیئرمین زاھر بیراوی کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے امدادی قافلہ اپنی منزل کی طرف اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
زھر بیراوی کا کہنا تھا کہ امدادی سامان سے لدے جہاز مصر کی بحری حدود سے مشرق کی سمت آگے بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ امدادی قافلوں کو منزل مقصود تک پہنچنے میں مدد کریں اور صہیونی حکام کی طرف سے امدادی جہازوں کو روکنےکی سازشوں کو ناکام بنائیں۔
زاھر بیراوی کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی خطرناک مشن نہیں۔ ہم پرامن ہیں اور صرف غزہ کی پٹی کے عوام کی معاشی مشکلات کے حل میں ان کی مدد کے جذبے کےتحت کام کررہے ہیں۔