شنبه 16/نوامبر/2024

غزہ کے فلسطینی باوقار زندگی گذارنے کا حق رکھتے ہیں

جمعرات 9-اگست-2018

اقوام متحدہ نے اسرائیل کی طرف سے انتقامی پالیسی کے تحت فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کو ایندھن کی سپلائی پر عاید کردہ پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے تل ابیب سے غزہ کو فوری ایندھن کی سپلائی بحال کرنے پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے دو اگست سے غزہ کی پٹی کو تیل اور گیس کی سپلائی بند کرنے کے ساتھ غزہ پر معاشی پابندیاں مزید سخت کردی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی غزہ کی درآمدات وبرآمدات پر بھی پابندی عاید کردی تھیں۔

اقوام متحدہ کے رابطہ کاربرائے انسانی امور جیمی میک گولڈریک نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی کو ہنگامی ایندھن کی سپلائی پر پابندی کے سنگین اور خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں اور اس پابندی کے نتیجے میں بنیادی انسانی حقوق پامال ہونے کا خدشہ ہے۔

یو این عہدیدار کا کہنا ہے کہ غزہ کی دو ملین آبادی جن کا نصف بچوں پرمشتمل ہے کا مستقبل انتہائی خطرات سے دوچار ہے۔ یہ بات قطعا ناقابل قبول ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جائے۔ عالمی اداروں اور بین الاقوامی برادری کے لیے یہ بات باعث تشویش ہے کہ غزہ کے عوام کو باعزت زندگی گذارنے کی بنیادی سہولیات سے بار بار محروم رکھا جائے۔

غزہ میں صحت، سیوریج، پانی اور دیگر شعبوں کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق غزہ کو ہنگامی بنیادوں پر 40 منصوبوں کو چالوں کرنے کے لیے روزانہ 60 ہزار لیٹر ایندھن کی ضرورت ہے۔

مختصر لنک:

کاپی