اردن اور جاپان نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دونوںماملک آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے ہونے والی عالمی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ ایمن الصفدی اور ان کے جاپانی ہم منصب تاروکونو نے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہ نماؤں نے فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی ’اونروا‘ کی مالی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا وہ عالمی برادری کو ’اونروا‘ کی مدد کے لیے قائل کریں گے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ڈونرز کانفرنس آئندہ ماہ ہوگی جس اردن، سویڈن، یورپی یونین، ترکی اور جاپان کے مندوبین شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ذمہ دار ادارے’اونروا‘ کو سب سے زیادہ امداد امریکا کی طرف سے دی جاتی رہی ہے۔امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخن ہونے کے بعد امریکی حکومت نے فلسطینیوں پناہ گزینوں کی مالی امداد کم کردی ہے، جس کے نتیجے میں ’اونروا‘ ایجنسی کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔