ملائیشیا کی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کی ذمہ دار اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کے لیے ملک گیر فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کے روز ’اونروا‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا کی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مالی مسائل کے پیش نظر عوام سے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے۔
ملایئشیا کی طرف سے یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب حال ہی میں امریکا نے ’اونروا‘ کو دی جانے والی تمام امداد بندکردی تھی۔ ’اونروا‘ ایجنسی پہلے سنگین نوعیت کے مالی بحران کا شکار ہے۔ امریکا کی طرف سے امداد کی بندش کے بعد اندرون اور بیرون فلسطین پناہ گزینوں کی تعلیم،صحت اور بنیادی ضروریات کے دیگر پروگرام بند ہونے کا خطرہ ہے۔
’اونروا‘ کے لیے امدادی مہم شروع کرنے کے بعد ملائیشیا کے نائب وزیراعظم وان عزیزہ نے کہا کہ ہمیں ’اونروا‘ کو درپیش مالی بحران اور اس کے نتیجے میں فلسطینی پناہ گزینوں کی تعلیم اور صحت کے منصوبوں کے متاثر ہونے کا گہرا احساس ہے۔
کولالمپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں نائب وزیر اعظم نے عوام سے ’اونروا‘ کے لیے شروع کی گئی امدادی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔