چهارشنبه 30/آوریل/2025

ایران کو میلی آنکھ سے دیکھنے کو نیست ونابود کردیں گے: پاسداران انقلاب

ہفتہ 15-ستمبر-2018

سپاہِ پاسداران انقلاب ایران نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے پڑوسی ملک عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانے پر میزائل حملہ ’’ طاغوتی غیر ملکی طاقتوں ‘‘ کے لیے ایک انتباہ سمجھا جانا چاہیے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو نیست ونابود کردیا جائے گا۔

سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ایسنا سے جمعرات کو گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ 2000 کلومیٹر تک مار کرنے والے میزائلوں سے ایرانی قوم کو جابر غیرملکی طاقتوں کے خلاف لڑنے کی منفرد صلاحیت حاصل ہوگئی ہے‘‘۔

انھوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا:’’ جن غیرملکی طاقتوں کی ایران کی سرحدوں سے دو ہزار کلومیٹر نصف قطر میں مسلح افواج ،فوجی اڈے اور آلات موجود ہیں، انھیں جان لینا چاہیے کہ ہمارے میزائل ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل ہیں‘‘۔ 

ایرانی حکام ایک عرصے سے امریکا کو ایک ’’ عالمی طاغوت‘‘ قرار دیتے چلے آ رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ خلیج اور اس سے ماورا امریکا کے فوجی اڈے پاسداران انقلاب کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی زد میں ہیں۔

جنرل جعفری کا کہنا تھا کہ ’’ دہشت گردوں کے خلاف ہماری حالیہ کارروائی میں دشمنوں کے لیے ایک بڑا واضح پیغام تھا ۔بالخصوص ان بڑی طاقتوں کے لیے جن کا یہ خیال ہے کہ وہ ہمیں ڈرا دھمکا سکتے ہیں ‘‘۔

پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی فوج نے عراق کے خود مختار علاقے کردستان کے سرحدی علاقے میں کرد جمہوری پارٹی ایران ( کے ڈی پی آئی )کے ہیڈ کوارٹرز پر گذشتہ ہفتے کے روز میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں پندرہ ایرانی کرد ہلاک ہوگئے تھے۔ایران کا کہنا تھا کہ اس نے سرحدپار سے اس دہشت گرد گروپ کی بار بار کی دراندازی کے ردعمل میں یہ میزائل حملہ کیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی