لبنان کے شہر صیدا میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ "المیہ ومیہ” میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے ایک کارکن بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ تصادم تحریک فتح کے حامی "نیشنل سیکیورٹی گروپ” اور لبنانی حزب اللہ کے حمایت یافتہ "انصاراللہ تحریک” کے درمیان تصادم ہوا۔ اس موقع پر فلسطین کے دوسرے گروپ اور مقامی شخصیات نے تصادم ختم کرنے اور کیمپ میں حالات کو معمول پرلانے کے لیے مداخلت کی۔ گذشتہ شب فریقین کے درمیان جنگ بندی کرادی گئی ہے، اس کے باوجود کشیدگی برقرار ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فریقین نےایک دوسرے پر گولے داغے اور مشین گنوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق تحریک فتح سے ہے اور ان کی شناخت احمد منصور اور محمد عیسیٰ کے نام سے کی گئی ہے۔ لڑائی میں جنگ بندی کی مساعی کے دوران گولی لگنے سے حماس رہ نما الشیخ ابراہیم سلامہ بھی زخمی ہوئے ہیں۔