قابض صہیونی حکام نے فلسطینیوں کے دو مکانات کو غیرقانونی قرار دے کر مسمار کر دیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مکان کی چھت سے محروم ہونے کے بعد کھلے آسمان تلے آگئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں جبل المکبر کے مقام پر فلسطینی شہری خلیل زعاترہ کا مکان مسمار کردیا جس کے نتیجے میں مکین کھلے آسمان تلے آگئے۔
مقامی شہریوں نے بتایا کہ صہیونی فوج اور پولیس نے گھرمیں موجود تمام افراد کو باہر نکالا اور اس کے بعد سامان نکالنے کی اجازت دیے بغیر مکان کو بلڈوزروں کی مدد سے مسمار کر دیا۔ اس مکان میں 8 افراد رہائش پذیر تھے جن میں سے زیادہ بچے اور خواتین شامل ہیں۔
یہ مکان 100 مربع میٹر پر تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کی تکمیل صرف چار ماہ قبل ہوئی تھی۔ مکان کی تعمیر کے بعد صہیونی حکام نے اسے غیرقانونی قرار دے کر اسے خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بدھ کے روز اسرائیلی فوج نےخربہ المیہ کے مقام پر واقع ایک مکان مسمار کردیا۔ یہ مکان تکمیل کے آخری مراحل میں تھا اور اس کی تعمیر روکنے کے لیے صہیونی فوج نے متعدد بار نوٹس بھی جاری کیے تھے۔ گذشتہ روز اسے غیرقانونی قرار دے کر بلڈوزروں کی مدد سے مسمار کر دیا۔