چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی سیاست دان کی محمود عباس کی آمرانہ پالیسی پر شدید تنقید

جمعرات 25-اکتوبر-2018

فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی قومی نوعیت کے فیصلوں میں آمرانہ پالیسی پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی سیاسی جماعت "پیپلزپارٹی” کے سیاسی شعبے کے رُکن خالد منصور نے کہا ہے کہ محمود عباس آمرانہ پالیسی پر چل رہے ہیں۔ قومی نوعیت کے فیصلوں میں وہ فلسطینی قومی مفاد کو بھی تاراج کررہے ہیں اور تنظیم آزادی فلسطین کے فیصلوں کے خلاف کام کرتے ہوئے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے مرکزی کونسل کا متفقہ اجلاس بلانے کے لیے تسلی بخش کوششیں‌ نہیں کیں۔ کونسل میں بہت سے سرکردہ سیاسی رہ نما اور قومی دھارے شریک نہیں ہوئے۔

انہوں نے صدر عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ لچک کا مظاہرہ کریں اورتمام فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحت کے حوالے سے ہونے والی مساعی کو آگے بڑھائیں۔

خالد منصور کا کہنا تھا کہ فلسطینی دھڑوں میں مصالحت مشکل نہیں مگر اس کے لیے تمام فریقین کو تحمل اور حکمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

فلسطین پیپلز پارٹی کے رہ نما کا کہنا تھا کہ فلسطینی مرکزی کونسل اور نیشنل کونسل کے فیصلوں میں اتفاق نہیں اور نہ ہی ان فیصلوں میں جرات اور عزم کی کوئی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ فلسطینی قوم تنظیم آزادی فلسطین کے فورم سے ہونے والے فیصلوں اور قراردادوں پر عمل درآمد کی منتظر ہے۔

مختصر لنک:

کاپی