مصر کے جنرل انٹیلی جنس ادارے کا ایک سکیورٹی وفد منگل کی صبح بیت حانون کے راستے غزہ پٹی پہنچ گیا۔ وفد کی آمد کا مقصد اسرائیل کے ساتھ فائر بندی اور فلسطینی مصالحت کے حوالے سے حماس تنظیم کے ساتھ جاری بات چیت کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی میں فلسطینی ذرائع کے مطابق مصریانٹیلی جنس کے وفد نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطینی دھڑوں مصالحتی امور پر بات چیت کی گئی۔
فلسطینی سکیورٹی ذریعے کے مطابق مصری وفد کی سربراہی جنرل احمد عبدالخالق کر رہے ہیں جو مصری انٹیلی جنس کے ادارے میں فلسطینی معاملے کے ذمّے دار ہیں۔
مصری وفد کئی ہفتوں سے غزہ پٹی ، مغربی کنارے اور اسرائیل کے دورے میں مصروف ہے۔ اس دوران وہ حماس اور فتح تنظیموں کے علاوہ اسرائیلی حکومت کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔ اس تمام نقل و حرکت کا مقصد فلسطینی مصالحت اور غزہ پٹی میں فائر بندی کے حوالے سے مصر کے زیر قیادت بات چیت کو مکمل کرنا ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مصری سکیورٹی وفد کا غزہ پٹی کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ یہ دورہ الجہاد الاسلامی تنظیم کے مسلح ونگ القدس بریگیڈز اور اسرائیلی فوج کے درمیان بھڑک جانے والی مختصر مدت کی لڑائی کے چند روز بعد ہو رہا ہے۔