چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی مزاحمت کار کی تلاش کے لیے اسرائیلی فوج کا قصبے پر دھاوا

بدھ 31-اکتوبر-2018

قابض صہیونی فوج نے اشتہاری قرار دیے گئے فلسطینی مزاحمت کار اشرف نعالوہ کی تلاش کی آڑمیں مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں شویکہ میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ آج بدھ کو اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے شویکہ قصبے کا تمام اطراف سے محاصرہ کیا اور فدائی حملہ آور اشرف نعالوہ کو تلاش کرنے کے لیے گھر گھر تلاشی شروع کی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج تین ہفتوں سے اشرف نعالوہ کو حراست میں لینے کے لیے چھاپے مار رہی ہے مگر صہیونی جلاد ابھی تک بہ حفاظت فرار ہونے والے فلسطینی نوجوان تک رسائی میں مسلسل ناکام ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز شویکہ اور اس کی اطراف کی کالونیوں میں اشتعال انگیز انداز میں تلاشی مہم شروع کی۔

اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے بعد شہری احتجاج کرتے ہوئے گھروں سے باہرنکل آئے۔ اس موقع پر فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فوجیوں پر سنگ باری کی جب کہ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔

خیال رہے کہ اشرف نعالوہ نے 7 اکتوبر کو سلفیت میں قائم اسرائیل کی "برکا” صنعتی کالونی میں فائرنگ کرکے دو یہودیوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا تھا۔ نعالوہ اس کارروائی کے بعد بہ حفاظت فرار ہوگئے تھے اور وہ اب تک اسرائیلی فوج کو پکڑائی نہیں دے سکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی