جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فلسطینی بچوں کی زندگی سے کھیلنا بند کرے: یو این سیکرٹری جنرل

جمعرات 1-نومبر-2018

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے غزہ کی پٹی میں تین بے گناہ فلسطینی بچوں کے اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینی بچوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔ غزہ میں تین بچوں کی بمباری میں ہلاکت افسوسناک واقعہ ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے ایک بیان میں کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے تین فلسطینی بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں‌ نےاسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینی بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا سلسلہ بند کرے اور بچوں کی زندگی کوخطرے میں نہ ڈالے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی بچوں کو دانستہ طورپر نشانہ بنانا افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے باز رہنا ہوگا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بمباری کرکے تین فلسطینی بچوں کو شہید کردیا تھا۔ تینوں کی عمریں 13 سال بتائی جاتی ہیں۔ ادھر مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب نیکولائی میلاڈی نوف نے بھی غزہ میں تین فلسطینی بچوں کے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جانے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل بے گناہ فلسطینی بچوں کو بلا جواز بم باری کا نشانہ بنا رہا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی