امریکا نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروی کو اشتہاری قرار دے کر ان کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی ہے۔ امریکی حکومت نے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے دو رہ نمائوں خلیل یوسف حرب اور ھیثم علی طبطبائی کو بھی اشتہاری قرار دیا ہے۔
منگل کو امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی انسداد دہشت گردی ڈیپارٹ منٹ کے رابطہ کار ناتھن سیلز نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران دنیا کا پہلا ملک ہے جو دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔
مسٹر سیلز کا کہنا تھا کہ امریکا نے حماس کی قیادت کو بھی بلیک لسٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس سے قبل امریکا حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
اس حوالے سے نئی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف، اسلامی جہاد کے رہ نما زیاد النخالہ، غزہ میں حماس کے صدر یحییٰ السنوار، فتحی حماد، القسام بریگیڈ کے کمانڈر احمد الغندور، اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان شلح اور حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی کو بھی اشتہاری قراردیا ہے۔