شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام میں رکاوٹ ہے: امیر قطر

پیر 3-دسمبر-2018

قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین کی بے لوث حمایت اور غیر مشروط مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے صہیونی ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ عرب علاقوں سے اپنا تسلط فوری طور پر ختم کرے اور آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرے۔

الشیخ تمیم نے فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالم دن کی مناسبت سے دوحہ میں‌ منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی قوم کے منصفانہ، دائمی اور دیرینیہ حقوق کی فراہمی ہی قضیہ فلسطین کے حل کی بنیاد ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے اسرائیل کو فلسطینی علاقوں سے اپنا تسلط ختم کرنے پر مجبور کیا جائے اور دو ریاستی حل کے حوالے سے عالمی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

قطر کے امیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلسل امن مساعی کو سبوتاژ کر رہا ہے۔ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے انتقامی حربے، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور فلسطین میں مسلسل یہودی توسیع پسندی نہ صرف فلسطین کے تنازع کے حل میں رکاوٹ ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں امن مساعی کو آگے بڑھانے کی راہ میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔

امیر قطر نے کہا کہ وہ دو ریاستی حل، مشرق وسطیٰ میں دیر امن کے قیام، امن عمل کی بحالی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے فلسطینی عوام کی مادی، سیاسی اور معنوی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قطر نے غزہ کی پٹی کے محصور شہریوں کی بجلی، ایندھن اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

مختصر لنک:

کاپی