فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کےنتیجے میں 70 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہلا احمر کی طرف سےجاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا گیا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف کئی شہروں میں فلسطینی احتجاج کرتےہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ قابض فوج نے فلسطینیوں کومنتشر کرنےکے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کابے دریغ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 69 فلسطینی زخمی ہو گئے۔
العصیرہ کے چیئرمین بلدیہ حافظ صالح نے "قدس پریس” کو بتایا کہ فلسطینیوں پرحملوں اور تشدد میں اسرائیلی فوج کے ساتھ ساتھ یہودی آباد کار بھی پیش پیش رہے۔ یتسھار یہودی کالونی کے درجنوں ڈنڈہ بردار یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔
یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی سیکیورٹی میں فلسطینیوں پر سنگ باری کی جب کہ قابض فوج نے فلسطینی آبادی پر صوتی گولے اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں درجنوں فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش گئے۔