اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران فلسطینی محکمہ اوقاف کے ایک عہدیدار کو حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں گھس کر اشرف الشرباتی نامی ایک فلسطینی شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کےبعد اسے حراست میں لے لیا۔الشرباتی فلسطینی محکمہ اوقاف کا ملازم اور مسجد اقصیٰ کی مرمتی کمیٹی کا رکن ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق الشرباتی کو حراست میں لیے جانے کےبعد باب الاسباط کے قریب ایک پولیس مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب یہودی انتہا پسندوں کی بڑی تعداد قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کررہی تھی۔ گذشتہ روز 70 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔ یہودی آباد 6 گروپوں کی شکل میں قبلہ اول میں داخل ہوئے۔