فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں دیر دبوان کے مقام پر یہودی شرپسندوں نے ایک مسجد کی بیرونی دیواروں پر اشتعال انگیز نعروں کی چاکنگ کی ہے جس پر فلسطینی عوامی اور مذہبی حلقوں میں سخت غم وغصے کی فضاء پائی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کوعلی الصباح یہودی آباد کاروں نے مسجد دیر دبوان کی بیرونی دیواروں پر عرب اور مسلمان مردہ باد کے نعروں کے ساتھ مسجد پر کیمیائی مواد کا کیمیکل چھڑکا۔ اس کے علاوہ مسجد کی دیواروں پر یہودیوں کی مذہبی علامت ریڈ کریسنٹ کی تصاویر بنائی گئیں۔
فلسطینی وزیر اوقاف نے یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نسل پرستانہ اور اشتعال انگیز اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں موجود تمام عبادت گاہیں صہیونی مجرموں کی وجہ سے غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔