فلسطین کی اقتصادی و ترقیاتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 1994ء کو فلسطینی اتھارٹی کے قیام کے بعد اب تک دنیا بھر کے ملکوں سے اسے 36 ارب 40 کروڑ ڈالر کی نقد امداد یا قرض کی شکل میں رقوم دی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنہ 1994ء سے 2017ء کے آخر تک فلسطینی اتھارٹی کو 35 ارب 40کروڑڈالر کی امداد فراہم کی گئی جب کہ ایک ارب چھ کروڑ قرض کی شکل میں رقم دی گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ یورپی ممالک کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کو 6 ارب 57 کروڑڈالر امداد دی گئی۔ فلسطینی اتھارٹی کو ملنے والی کل امداد کا یہ 18 فی صد ہے۔
دوسرے نمبر پر امریکا کی طرف سے پانچ ارب 74 کروڑ ڈالر اور سعودی عرب کی طرف سے تین ارب60 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی گئی۔
عرب ممالک کی طرف سے مجموعی طور پر فلسطینی اتھارٹی کو 23 فی صد امداد دی گئی۔ ان میں سعودی عرب کا حصہ 42 اعشاریہ 8 فی صد، امارات کا 26 فی صد، الجزائر کا 10 اعشاریہ تین فی صد، کویت کا 8 اعشاریہ پانچ فی صد، قطر کا 8 اعشاری 5 فی صد اور دیگر عرب ممالک کا چار اعشاریہ ایک فی صد ہے۔