سوڈان میں فوج نے صدر عمر البشیر کو عہدے سے ہٹانے کے بعد اقتدار سنبھال لیا ہے۔ ذرائع کےمطابق جمعرات کے روز سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عوض بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے۔ جنرل عوض سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک کے کئی موجودہ اور سابق سرکاری عہدے داران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں سابق وزیر دفاع عبد الرحیم محمد حسین، نیشنل کانگریس پارٹی کے نامزد سربراہ احمد ہارون اور صدر عمر البشیر کے سابق نائب علی عثمان محمد کے علاوہ عمر لابشیر کے ذاتی محافظین شامل ہیں۔ اخباری ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عمر البشیر کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ دارالحکومت خرطوم کے ہوائی اڈے کو پروازوں کی آمد و ورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔