اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی جانب سے پارلیمانی تحفظ کے حصول کے لیے آئین میں ترامیم کی کوششوں کے خلاف اسرائیل میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کو تل ابیب میں ہزاروں افراد نے نیتن یاھو کی جانب سے آئینی تحفظ کے حصول کی کوششوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کا اہتمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کیا گیا تھا اور مظاہرین کی تعداد 80 ہزار سے زاید بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو 10 سال سے اقتدار پر فائز ہیں۔ رواں سال اپریل میں ہونے والے کنیسٹ کے انتخابات میں بھی نیتن یاھو اور ان کی جماعت نے بھاری اکثریت حاصل کی۔ رواں سال فروری میں اسرائیلی پراسیکیوٹر جنرل نے نیتن یاھو پر کرپشن کے تین مقدمات، دھوکہ دہی اور رشوت خوری کے الزامات میں فرد جرم عاید کی تھی۔
اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ عدلیہ جان بوجھ کر حکومتی امور میں مداخلت کر رہی ہے۔ نیتن یاھو کے خلاف یہ احتجاجی مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ نیتن یاھو نئی حکومت کی تشکیل کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئندہ جمعرات کو نیتن یاھو نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان متوقع ہے۔