برطانیہ میں فلسطین کلب کی طرف سے سوموار کے روز سالانہ پانچویں عظیم الشان افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ افطار ڈنرمیں ایک ہزار سے زاید روزہ داروں نے شرکت کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی لندن میں ہونے والی افطار پارٹی میں مقامی مسلمانوں، فلسطینی تارکین وطن اور دیگر مسلمانوں نے شرکت کی۔
افطار پارٹی میں فلسطینی مزاحمت کار عہد تمیمی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ فلسطین کی میڈیکل ریلیف آرگنائزیشن ‘ماب’ کی چیف ایگزیکٹو ایمی شعلان، برطانیہ کی لیبرپارٹی کے رہ نما وھیو لانگ، فلسطین یکجہتی مہم کے رہ نما، کولین مونیھن، شامیل جوڈار، الاقصیٰ فرینڈ شپ کے رہ نما عطاء اللہ سعید، غادہ حماد اور ڈاکٹر فواد جیسی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
لندن میں فلسطین کلب کے ترجمان عدنان حمیدان نے کہا کہ موجودہ افطار پارٹی میں جمع ہونے والی قیادت نے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔ اس افطار پارٹی میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی حمایت اور نصرت کے لیے کام کرنے والے عالمی رہ نمائوں نے شرکت کی ہے۔
فلسطین کلب کے چیئرمین حافظ الکرمی نے اس موقع پر کہا کہ فلسطینی قوم اپنے بنیادی اور دیرینہ حقوق سے دست بردار نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین چاہے لندن میں ہوں یا دنیا کے کسی دوسرے ملک یا شہر میں مگر وہ اپنے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ فلسطین کلب کے زیراہتمام گذشتہ پانچ سال سے لندن میں اجتماعی افطار پارٹی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔