چهارشنبه 30/آوریل/2025

مراکش: عرب پارلیمنٹ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر ‘صدی کی ڈیل’ کے خلاف مظاہرہ

جمعہ 31-مئی-2019

افریقی ملک مراکش کے دارالحکومت رباط میں عرب پارلیمنٹ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مقامی شہریوں اور فلسطینی تارکین وطن نے  امریکا کے ‘صدی کی ڈیل’ کے منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مظاہرین نے ہاتھوں میں‌ بینرز اور کتبے اٹھا رکھےجن پر ‘صدی کی ڈیل’ کی امریکی سازش کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے مراکشی حکومت پر زور دیا کہ وہ امریکا کی طرف سے صدی کی ڈیل منصوبے کے حوالے سے شروع کی گئی مہم کو ناکام بنایا جائے اور مراکشی حکومت دیگر عرب اور مسلمان ممالک کو ساتھ ملا کر اس سازش کو ناکام بنائے۔

اسرائیل کے بائیکاٹ کے لیے سرگرم مراکشی کمیٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف امریکا اور اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف اپنے سازشی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں اور دوسری طرف بعض عرب ممالک امریکی سازش میں واشنگٹن کا ساتھ دے رہے ہیں۔ امریکی صدر کے داماد  اور ان کے خصؤصی مشیر جیرڈ کوشنر اس وقت عرب ممالک کے دورے پر ہیں اور وہ صدی کی ڈیل کی اسکیم کو عرب ممالک کے سامنے پیش کرکے اس پر حمایت حاصل کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مراکش اور دوسرے عرب ممالک کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کو نظرانداز کرکے امریکا اور اسرائیل کے سازشی منصوبوں میں اس کا ساتھ دیں۔

خیال رہے کہ امریکا نے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان معاملات طے کرنے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے۔ میڈیا میں اسے صدی کی ڈیل  قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکا ان دنوں صدی کی ڈیل کی سازش کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے اور امریکی ایلچیوں‌ کا ایک وفد اس وقت عرب ممالک کے دورے پر ہے۔

مختصر لنک:

کاپی