مصری انٹیلی جنس حکام کے ایک اعلیٰاختیاراتی وفد نے آج ہفتے کو فلسطین کے علاقے غزہ کے دورے کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور دیگر قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پرحماس کے سیاسی شعبے کے ارکان یحییٰ السنوار، خلیل الحیہ، روحی مشتہی، مصری انٹیلی جنس سیکرٹری ایمن بدیع، انٹیلی جنس کے فلسطینی امور کے انچار میجر جنرل احمد عبدالخالق اور بریگیڈیئر تامر موجود تھے۔
فریقین میں ہونے والی بات چیت میں فلسطینی دھڑوں میں تعطل کا شکار مصالحتی عمل، مصر اور حماس کے درمیان تعلقات، غزہ کے عوام کو درپیش مشکلات اور اسرائیل کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس کی ویب سائیٹ پرجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری وفد نے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کے حوالے سے مثبت پیش رفت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ملاقات میں مصری وفد کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، قومی مصالحت اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاملے میں حماس کے اصولی موقف، امریکا کے سنچری ڈیل منصوبے اور مناما کانفرنس کے بعد کی صورت حال کیے بارےمیں بھی آگاہ کیا۔