خلیجی ریاست کویت نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاستی دہشت گردی پرعالمی برادری کی طرف سے اختیار کردہ مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی ہے۔ کویت کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے صہیونی ریاست کو فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ اسرائیلی جرائم کا محاسبہ نہ ہونے کے نتیجے میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی طرف سے صہیونی ریاست کے جرائم پر آواز بلند نہیں کی جاتی۔ فلسطینی علاقوں میں صورت حال انتہائی تشویشناک ہے اور عالمی برادری کو اس کی کوئی پرواہ تک نہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی فوج کی طرف سے مکانات مسماری کے حوالے سے بدھ کے روز ہونے والے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ صہیونی ریاست فلسطینی علاقوں پربالخصوص بیت المقدس اور غرب اردن پراپنا ناجائز تسلط مضبوط کرنے کے لیے فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے وہاں سے بے دخل کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ عرب علاقوں پر اسرائیل کی کسی بھی قسم کی تسلط جمانے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ بیت المقد میں فلسطینیوں شہریوں کے مکانات کی مسماری ایک سنگین جرم ہے جس کا کوئی جواز نہیں۔ فلسطینیوںکو بے گھر کرنے کی مجرمانہ صہیونی پالیسی پرعالمی برادری کی خاموشی بھی اسرائیلی ریاست کے جرم کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باھر میں وادی الحمص کالونی میں فلسطینیوںکے ایک سو فلیٹس مسمار کردیے جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی گھروں سے محروم ہوگئے ہیں۔ فلسطین سمیت عرب اور مسلمان ممالک کی طرف سے اسرائیلی ریاست کی طرف سے فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کو اجتماعی سزا کے مترادف قرار دیا ہے۔